نئی دہلی، 4/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) گجرات میں گزشتہ چار مالی سالوں کے دوران مرکزی ٹیکس افسران نے جی ایس ٹی چوری کے 12803 مقدمات درج کیے اور 101 افراد کو گرفتار کیا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے منگل کے روز راجیہ سبھا میں اس بات کی اطلاع دی۔ وزیر خزانہ کے مطابق، مالی سال 2021-22 سے لے کر 2024-25 تک کے دوران گجرات میں سنٹرل ٹیکس اتھارٹی نے 12803 جی ایس ٹی چوری کے معاملے درج کیے ہیں۔ نرملا سیتارمن نے مزید بتایا کہ ان مقدمات میں آئی پی سی کے تحت 3 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، جن میں 8 افراد کے نام شامل ہیں۔
مرکزی وزیر نرملا سیتارمن نے مزید بتایا کہ جی ایس ٹی چوری کے معاملوں میں سی جی ایس ٹی ایکٹ 2017 کی دفعہ 69 کے تحت 101 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ راجیہ سبھا میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے گزشتہ 5 مالی سالوں میں جی ایس ٹی کی کل وصولی کی تفصیلی جانکاری دی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ 24-2023 میں جی ایس ٹی کی مجموعی وصولی 20.18 لاکھ کروڑ روپے رہی۔ 2.08 لاکھ کروڑ روپے کا ریفنڈ جاری کیا گیا۔ 23-2022 میں جی ایس ٹی کی مجموعی آمدنی 18.08 لاکھ کروڑ روپے رہی اور 2.20 لاکھ کروڑ روپے کا ریفنڈ جاری کیا گیا۔
مرکزی وزیر نے جی ایس ٹی وصولی کے حوالے سے یہ بھی جانکاری دی کہ مالی سال 22-2021 اور 21-2020 میں مجموعی وصولی 14.83 لاکھ کروڑ روپے اور 11.37 لاکھ کروڑ روپے رہی۔ ان دو سالوں کے دوران بالترتیب 1.83 لاکھ کروڑ روپے اور 1.25 لاکھ کروڑ روپے کا ریفنڈ جاری کیا گیا۔ رواں مالی سال اپریل-اکتوبر میں جی ایس ٹی کی مجموعی وصولی 12.74 لاکھ کروڑ روپے رہی جبکہ 1.47 لاکھ کروڑ روپے کا ریفنڈ جاری کیا گیا۔ جی ایس ٹی کی خالص وصولی 11.27 لاکھ کروڑ روپے رہی۔